UR_2264 یِسُوع کون ہے؟ کُلسّیوں ۱:۱۲-۲۱

Who Is Jesus?

UR_2264 یِسُوع کون ہے؟ کُلسّیوں ۱:۱۲-۲۱

ایڈرئین راجرز کا کہنا ہے، "یِسُوع کی ذات کی وضاحت کرنا ناممکن ہے، یِسُوع کو نظر انداز کرنا تباہ کن ہے اور اُس کو رد کرنا مہلک ہے۔"

ہمارے لیے یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ یِسُوع کون ہے۔ اگر ہم اُسے جان جائیں گے تو ہم اُس سے محبت کریں گے؛ اور اگر ہم اُس سے محبت کریں گے تو ہمیں اُس پر بھروسا ہوگا۔ اُس پر بھروسا کرنے کا مطلب بنیادی طور پر ڈرامائی انداز میں تبدیل ہونا ہے۔

کُلسّیوں ۱:۱۵ واضح کرتا ہے کہ یِسُوع باپ کو کس طرح ظاہر کرتا ہے: "وہ اَن دیکھے خدا کی صورت اور تمام مخلوقات سے پہلے مولود ہے۔"

خدا روح ہے اَن دیکھا ہے، ناقابلِ فہم ہے، ناقابلِ رسائی ہے۔ ہم صرف الہام کے ذریعے اُسے جانیں گے اور یِسُوع اُسے ہم پر ظاہر کرنے آیا تھا۔ ہم بیٹے کے وسیلے کے بغیر باپ کو کبھی نہیں جان پائیں گے؛ دکھائی دینے والا یِسُوع اَن دیکھے خدا کو ظاہر کرتا ہے۔

کُلسّیوں ۱:۱۸ وضاحت کرتا ہے کہ یِسُوع مستقبل پر حکمرانی کرتا ہے: "اور وہی بدن یعنی کلیسیا کا سر ہے۔ وہی ابتدا ہے اور مردوں میں سے جی اُٹھنے والوں میں پہلوٹھا تاکہ سب باتوں میں اُس کا اوّل درجہ ہو۔" یِسُوع تخلیق کی طاقت اور محافظ ہے: "اور وہ سب چیزوں سے پہلے ہے اور اُسی میں سب چیزیں قائم ہیں" (کُلسّیوں ۱:۱۷)۔

ایڈرئین راجرز کا کہنا ہے، "متی پہلے باب میں مذکور چھوٹا بچہ پیدایش پہلے باب کا قادر خدا ہے؛ کوئی بھی چیز اُس کے بغیر نہیں بنی۔"

خداوند یِسُوع مسیح کہکشاؤں کو جوڑے رکھتے ہیں؛ وہ سورج کو توانائی بخشتے ہیں، ستاروں کو اپنی جگہ پر لگاتے ہیں، اور سیاروں کو اُن کے مدار میں چلنے کی رہنمائی کرتے ہیں۔ وہی تخلیق کا مقصد ہے سب چیزیں اُس کے وسیلہ سے، اُس کے واسطے بنائی گئی ہیں (کُلسّیوں ۱:۱۶)۔

بالآخر، کُلسّیوں ۱:۲۱ واضح کرتا ہے کہ یِسُوع گناہ میں گرے ہوئے انسان کا خدا کے ساتھ میل کیسے کراتا ہے: "اور اُس نے اب اُس کے جسمانی بدن میں موت کے وسیلہ سے تمہارا بھی میل کرا دیا۔"

خداوند یِسُوع نے اپنی صلیبی موت کے ذریعے خدا اور انسان کا دوبارہ میل ملاپ کرا دیا۔ یِسُوع نے کائنات کی تخلیق اپنے کلام کے ساتھ کی، لیکن جب اُس نے ہمیں نجات دی تو اُس کے خون کا ہر ایک قطرہ لگا۔

ہمارا خدا کے ساتھ میل نہیں ہو سکتا تھا، لہٰذا یِسُوع نے صلیب پر اپنا خون بہا کر یہ صلح کرائی۔ ضرورت ہے کہ ہم ایمان کے ساتھ اُس صلح میں داخل ہوں اور خداوند یِسُوع پر بھروسا رکھیں۔

اِس کا اطلاق اپنی زندگی پر کریں

کیا آپ یِسُوع کو جانتے ہیں جو باپ کو ظاہر کرتا ہے، مستقبل پر حکمرانی کرتا ہے، اور گرے ہوئے انسان کا میل ملاپ کراتا ہے؟ کیا اُس کو آپ کی زندگی میں اوّل درجہ حاصل ہے؟