دُعا کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ مسیحی زندگی میں دُعا سب سے بڑی نعمت ہے، لیکن اکثر ہم اسی میں ناکام رہتے ہیں۔ یہ کائنات میں سب سے زیادہ غیر استعمال شدہ طاقت ہے۔
مَتی ۷:۷ ہم پر دُعا کے تین اصول ظاہر کرتا ہے: "مانگو تو تم کو دیا جائے گا۔ ڈھونڈو تو پاؤ گے۔ دروازہ کھٹکھٹاؤ تو تمہارے واسطے کھولا جائے گا۔"
پہلا اصول ہے دُعا کی وجہ۔
ہمارا آسمانی باپ ہمارے مانگنے سے پہلے جانتا ہے کہ ہمیں کس چیز کی ضرورت ہے۔ ہم خُدا کو متاثر کرنے یا اُس کو کسی ایسی چیز سے مطلع کرنے کے لیے دُعا نہیں کرتے جس کو وہ پہلے سے نہیں جانتا۔ ہم خُدا کو دعوت دینے کے لیے دُعا کرتے ہیں کہ ہمارے دل اور ہماری زندگی میں کام کرے۔
خُدا ہمارے بغیر کچھ بھی کر سکتا ہے لیکن ہم اُس کے بغیر کچھ نہیں کر سکتے۔ وہ ہماری شرکت چاہتا ہے اور جب ہم اُس میں کام کرنے اور اُس میں قائم رہنے میں خوش ہوتے ہیں تو وہ لطف اندوز ہوتا ہے (یوحنا ۱۵:۴-۵)۔
دُعا ہماری نشوونما بھی کرتی ہے اور ہماری ترقی کا سبب بھی بنتی ہے۔ جب ہم دُعا کرتے ہیں اور جواب نہیں آتا تو ہم کلام سے رجوع کرتے ہیں اور خُدا کے دیدار کے طالب ہوتے ہیں۔ خُدا نہیں چاہتا کہ ہم اُس سے آزاد زندگی گزاریں۔ خُدا پر انحصار قربت اور پہلے کی نسبت زیادہ مضبوط بندھن کا سبب بنتا ہے۔
دوسرا اصول ہے دُعا میں درخواست کرنا: مانگو، ڈھونڈو، کھٹکھٹاؤ۔
ایڈرئین راجرز کا کہنا ہے، "بڑا مسئلہ یہ نہیں کہ دُعا کا جواب نہیں آیا؛ مسئلہ یہ ہے کہ دُعا کی ہی نہیں گئی۔"
ہماری ذمہ داری مانگنے کی ہے، خُدا کی ذمہ داری دینے کی ہے۔ کوئی بھی خواہش جس کا ہم سے تعلق ہے دُعا میں خُدا کے پاس لائی جا سکتی ہے۔
دُعا کرتے وقت ہم یہ جاننے کی جستجو میں ہوتے ہیں کہ خُدا ہمارے لیے کیا چاہتا ہے۔ ہمیں خُدا کے مقاصد کو تلاش کرنا چاہیے اور یہ جاننا چاہیے کہ آیا ہم صحیح چیزیں مانگ رہے ہیں۔
اِس کے بعد مضبوط ارادہ ہونا چاہیے: دُعا بند دروازوں پر دستک دینا ہے۔ خُدا کے جوابات براہِ راست، مختلف یا انکار میں ہوتے ہیں۔ لیکن اُن میں ہماری اپنی ترقی اور بھلائی کے لیے تاخیر بھی ہو سکتی ہے۔ اگر ایسا ہے تو ہمیں کھٹکھٹاتے رہنا پڑے گا۔ ہم تب تک نہیں رک سکتے جب تک جواب موصول نہ ہو اور خُدا ہمیں یقین دہانی نہ کرا دے۔
آخری اصول دُعا کا اجر ہے۔
ہمیں یقین ہے کہ خُدا ہماری دُعاؤں کا جواب دے گا، کیونکہ خُدا بھلا ہے، حکمت والا ہے اور وہ محبت ہے۔
اِس کا اطلاق اپنی زندگی پر کریں
کیا آج آپ انتظار کر رہے ہیں کہ خُدا دُعا کا جواب دے؟ یاد رکھیں: مانگیں، ڈھونڈیں اور دروازہ کھٹکھٹائیں۔ اپنی خواہش کو خُدا کے سامنے پیش کریں، اُس کے کلام کے طالب ہوں تاکہ یہ یقینی ہو جائے کہ یہ خُدا کی مرضی کے مطابق ہے، اور کھٹکھٹانا جاری رکھیں۔