زبُور ۱۱۹:۹۷ کہتا ہے، "آہ! مَیں تیری شریعت سے کیسی محبت رکھتا ہُوں۔ مجھے دِن بھر اُسی کا دھیان رہتا ہے۔" چونکہ خُود یِسُوع مسیح ہمیں اپنا ہم شکل بناتا ہے، اِس لیے اُس کے ساتھ اور اُس کے کلام میں وقت گزارنا بہت ضروری ہے، اور بامقصد خاموش وقت گزارنے کے لیے پانچ عناصر ہیں۔
اوّل، جب ہم دِن کی تیاری کر رہے ہوں تو یہ دِن کے اوائل میں ہمارا بہترین وقت ہونا چاہیے۔
ہمیں حسبِ ذیل ہونا چاہیے:
• جسمانی طور پر چوکس تاکہ ہم واضح طور پر سوچ سکیں۔
• اخلاقی طور پر پاک تاکہ ہم قدوس خُدا کے آگے بے قصور جھک سکیں۔
• ذہنی طور پر خبردار تاکہ ہم اُس کے حُکموں کو قبول کر سکیں۔
ہمیں اپنا خاموش وقت کسی الگ تھلگ جگہ پر گزارنا چاہیے؛ کوئی ایسی جگہ ہو جہاں ہم خلفشار سے بچنے کے لیے دُنیا کے ساتھ رابطہ منقطع رکھ سکیں۔ ایڈرئین راجرز کا کہنا ہے، "جب آپ اکیلے ہوتے ہیں تو آپ وہی ہوتے ہیں جو آپ ہیں۔ آپ کی دعائیہ زندگی کی نشانی یہ نہیں کہ آپ عوامی سطح پر کتنی اچھی دعا کرتے ہیں بلکہ یہ ہے کہ آپ نجی طور پر کیسے دعا کرتے ہیں۔ آپ کا آسمانی باپ جو آپ کو پوشیدگی میں دیکھتا ہے وہ آپ کو کھلم کھلا اجر دے گا۔"
ہمیں درست اوزاروں کی بھی ضرورت ہے: ایک بائبل مقدس تاکہ ہم پڑھ کر سمجھ سکیں، ایک کاپی جس میں خُدا کے ساتھ گزرے وقت کے بارے قلم بند کر سکیں اور ایک اور کاپی جس میں اپنی دعائیں قلم بند کر سکیں۔ عملی طور پر اپنے دِن کے لیے ہدایات قلم بند کرنے کے لیے بھی ایک کاپی ہونی چاہیے۔
ایک بامقصد خاموش وقت گزارنے کی تیاری کرنے کے بعد ہمیں کیسے آگے بڑھنا چاہیے؟
۱۔ خاموشی اختیار کریں، گہری سانس لیں اور اپنا دھیان خُداوند کی طرف لگائیں۔
۲۔ خُدا کے کلام میں داخل ہوں؛ دعا سے پہلے بائبل پڑھیں۔
۳۔ مقدار کے لیے نہیں، معیار کے لیے پڑھتے ہوئے اُس پر غور کریں۔
۴۔ خُدا نے اپنے کلام کے ذریعے جو کچھ آپ پر منکشف کیا ہے اُسے اپنی کاپی میں قلم بند کر لیں۔
۵۔ خُدا کے ساتھ گزرے وقت میں جو ہدایات، مقاصد اور فیصلے سامنے آئے ہیں اُن کو قلم بند کر لیں۔
۶۔ دعا کریں؛ اپنی روح کو خُدا کے حضور عقیدت اور دیانتداری کے ساتھ اُنڈیلیں۔ اُس کو ہر بات بتائیں؛ وہ پہلے سے جانتا ہے۔
۷۔ آپ نے جو کچھ سیکھا ہے دوسروں کو بتائیں۔ ہمیں ایک دوسرے کو نصیحت اور حوصلہ افزائی کی عادت ڈالنی چاہیے۔
۸۔ خُدا آپ کو جو فرماتا ہے اُس پر عمل کریں۔ ہماری زندگی روحانی مکاشفہ اور فرمانبرداری پر چلتی ہے۔ ایک انسان دوسرے کے بغیر نہیں چلتا۔
اِس کا اطلاق اپنی زندگی پر کریں
کیا خُدا کے ساتھ آپ کا خاموش وقت آپ کے لیے معنی خیز ہے؟ کیا آپ نے صحیح طریقے سے تیاری کی ہے اور اپنے آپ کو خُداوند کے ساتھ ایک پھل دار وقت کے لیے مقرر کیا ہے؟ آج ہی اِن اقدامات پر غور کریں اور خُدا کے ساتھ چلیں۔