اگر ہم فعال طور پر خُدا کے کلام کا مطالعہ نہیں کر رہے تو ہم بطور مسیحی ترقی نہیں کر سکتے۔ کِتابِ مُقدّس کے بارے اور اُس کے اندر کے حقائق کو جاننا کافی نہیں ہے۔ جب ہم سچائی کو نکالنے کے لیے بائبل کے پاس جاتے ہیں تو ہم ناکام ہو جاتے ہیں؛ اِس کے بجائے ہمیں سچائی کو قبول کرنا اور اُس کا خیرمقدم کرنا چاہئے۔
یعقوب کا خط ہمیں بتاتا ہے کہ بائبل مُقدّس کو کیسے سمجھنا ہے، اور خُدا کے کلام کا استقبال کرنے کے چار طریقے ظاہر کرتا ہے۔
سب سے پہلے ہم توبہ کے جذبے کے ساتھ کلام کا استقبال کریں۔
"اِس لیے ساری نجاست اور بدی کے فضلہ کو دُور کر کے اُس کلام کو حلیمی سے قبول کر لو جو دل میں بویا گیا اور تمہاری روحوں کو نجات دے سکتا ہے" (یعقوب ۱: ۲۱)۔ خُدا کے کلام کو سننے کے لیے ایک اخلاقی اہلیت ہے؛ مسلسل گناہ اور غیر تائب دل ہمیں کلامِ مُقدّس کو سمجھنے سے روک سکتے ہیں۔
جب ہم بائبل مُقدّس کا مطالعہ کرتے ہیں تو یہ ضروری ہے کہ ہم پہلے گناہوں کا مکمل اعتراف کریں اور خُدا سے درخواست کریں کہ وہ ہمارے دلوں میں ہر برائی کو ظاہر کرے۔
ہم کلام کو ایک قبول کرنے والے جذبے کے ساتھ، حلیمی سے بھی خوش آمدید کہیں، جو ایک سیکھنے والی روح ہے۔
یعقوب ۳: ۳ کہتا ہے، "جب ہم گھوڑوں کو قابو میں رکھنے کے لیے اُن کے منہ میں لگام ڈالتے ہیں تو اُن کے سارے بدن کو بھی پھیر سکتے ہیں۔" اسی طرح خُدا ہمیں اپنے قابو میں لانا چاہتا ہے تاکہ ہم اُس کے احکام کے لیے حساس ہو جائیں۔
سوم، ہم جواب دہ جذبے کے ساتھ کلام کا خیرمقدم کریں۔
"لیکن کلام پر عمل کرنے والے بنو نہ محض سننے والے جو اپنے آپ کو دھوکا دیتے ہیں "(یعقوب ۱: ۲۲)۔ جب ہم کلام کو سمجھ لیتے ہیں تو ہمیں اُس پر عمل کرنا چاہئے؛ ورنہ ہم خود کو دھوکا دیتے ہیں۔
ایڈرئین راجرز کا کہنا ہے، "بائبل کا مطالعہ آپ کو خُدا کے بارے میں علم دیتا ہے، مگر فرمانبرداری آپ کو خُدا کو جاننے کا تجربہ دیتی ہے۔"
آخر میں، ہم غور و فکر کرنے والی روح کے ساتھ کلام کا استقبال کریں۔
"لیکن جو شخص آزادی کی کامل شریعت پر غور سے نظر کرتا رہتا ہے اور اُس پر قائم رہتا ہے اور بھولنے والا سننے والا نہیں بلکہ عمل کرنے والا بنتا ہے، وہ اپنے کام میں برکت پائے گا" (یعقوب ۱: ۲۵)۔ جب ہم غور و فکر کے ساتھ بائبل پڑھتے ہیں تو بائبل ہمیں پڑھتی ہے۔ یہ ہمیں ہماری زندگی کا نیا زاویہ دیتی ہے اور ہماری اصل حالت ظاہر کرتی ہے۔ ہمیں کلام پر سرسری نظر ڈالنے کے بجائے اُس میں گہرائی سے دیکھنا چاہئے۔
اِس کا اطلاق اپنی زِندگی پر کریں
کیا آپ تائب دل اور قبول کرنے والی، جواب دہ روح کے ساتھ خُدا کے کلام کو حاصل کر رہے ہیں؟ یاد رکھیں، جیسا کہ ایڈرئین راجرز کہتے ہیں، "بائبل کے جس حصے کو آپ نہیں سمجھتے اُسے سمجھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ جس حصے کو آپ سمجھتے ہیں اُس پر عمل کریں۔"