جب ہم نئے سِرے سے پیدا ہوتے ہیں اور خُدا کے فرزند ٹھہرتے ہیں تو ہمیں رُوحانی نعمتیں عطا کی جاتی ہیں۔ اپنی رُوحانی نعمتوں کو دریافت کرنا، ترقی دینا، اور اُنہیں عمل میں لانا ہی وہ طریقہ ہے جس سے ہم مسیحی زِندگی میں خُوشی اور تکمیل پاتے ہیں۔
۱-کرنتھیوں ۱۲ وضاحت کرتا ہے کہ خُدا کے فرزند اپنی رُوحانی نعمتوں کو کیسے دریافت کر سکتے ہیں۔
"اَے بھائیو! مَیں نہیں چاہتا کہ رُوحانی نعمتوں کے بارے میں تُم بے خبر رہو "(۱-کرنتھیوں ۱۲: ۱)۔
ہماری رُوحانی نعمتیں مافوق الفطرت ہیں، جو ہمیں نئے سِرے سے پیدا ہونے پر رُوح القدس کی طرف سے فضل سے دی جاتی ہیں۔ غرور اور خود غرضی کی کوئی گنجائش نہیں؛ رُوحانی نعمتیں ہمیں ایک دوسرے کی خدمت کے لیے دی جاتی ہیں۔ ہماری رُوحانی نعمتوں کا انتخاب رُوح القدس کرتا ہے؛ ہماری ذمہ داری یہ معلوم کرنا ہے کہ اُس نے اپنی حاکمیت میں ہم میں کیا رکھا ہے۔
ایڈرئین راجرز کا کہنا ہے، "رُوحانی نعمتیں ثبوت کے لیے نہیں ہوتیں، یہ اوزار ہوتی ہیں۔ وہ آپ کی تفریح کے لیے نہیں ہوتیں، وہ آپ کے کام کے لیے ہوتی ہیں۔"
"نعمتیں تو طرح طرح کی ہیں مگر رُوح ایک ہی ہے۔ اور خدمتیں بھی طرح طرح کی ہیں مگر خُداوند ایک ہی ہے۔ اور تاثیریں بھی طرح طرح کی ہیں مگر خُدا ایک ہی ہے جو سب میں ہر طرح کا اثر کرتا ہے" (۱-کرنتھیوں ۱۲: ۴-۶)۔
کلامِ مُقدّس میں کچھ مختلف نعمتیں درجِ ذیل ہیں:
حکمت کا کلام
علم کا کلام
ایمان
شفا دینے کی توفیق
معجزات: جسمانی، ذہنی اور رُوحانی
نبوت: اصلاح، نصیحت اور تسلی کے لیے
رُوحوں کا امتیاز
طرح طرح کی زبانیں، یا وہ زبانیں بولنا جو آپ نے کبھی نہیں سیکھیں
زبانوں کی وضاحت یا ترجمہ کرنا تاکہ دوسرے سمجھ سکیں
خدمت، یا کلیسیا میں خدمت گزاری
تعلیم دینا
نصیحت کرنا، یا عبادت میں دوسروں کی رہنمائی کرنا
خیرات کرنا
حکمرانی کرنا، یا انتظام کرنے کی صلاحیت
رحم، یا یِسُوع مسیح کی محبت ظاہر کرنا
اپنی نعمتوں کو دریافت کرنا ہماری خوشی اور ذمہ داری ہے۔ اوّل، ہمیں اپنے آپ کو خُدا کے تابع کرنا ہے۔ دوم، ہمیں نئی سوچ اور اچھے ایمان کے ساتھ اپنی نعمتوں کے اچھے مختار بننا چاہیے۔
بالآخر، ہمیں دوسرے ایمانداروں کے ساتھ رفاقت میں رہنا چاہیے۔ ہمیں ایک دوسرے کی خدمت کے لیے بنایا گیا ہے تاکہ ہم ایک مکمل جسم کی طرح کام کریں۔ جب ہم ایک دوسرے کی خدمت کرنا شروع کرتے ہیں تو ہماری رُوحانی نعمتوں کی تصدیق ہو جاتی ہے۔
اِس کا اطلاق اپنی زِندگی پر کریں
اگر آپ نے اپنی رُوحانی نعمتوں کو دریافت نہیں کیا تو اپنے آپ سے پوچھیں: کیا میں نے اپنے آپ کو خُداوند کے آگے پیش کیا ہے؟ کیا میں نے فیصلہ کیا ہے کہ جو کچھ بھی رُوح القدس نے مجھ میں رکھا ہے اُس کا ایک اچھا مختار بنوں؟ کیا میں وفاداری سے اپنی کلیسیا میں خدمت کر رہا ہوں؟