UR_1731 رفاقت کا کُلیہ ۱-یوحنا ۱:۳-۱۰

A Formula for Fellowship

UR_1731 رفاقت کا کُلیہ ۱-یوحنا ۱:۳-۱۰

بطور مسیحی ہم کسی اور کی طرح پھسل کر گُناہ میں گر سکتے ہیں۔ جب ہم گُناہ کرتے ہیں تو خُدا کے ساتھ ہماری رفاقت کا کیا بنتا ہے؟

۱-یوحنا ۱: ۵-۷ کہتا ہے، "اُس سے سُن کر جو پیغام ہم تمہیں دیتے ہیں وہ یہ ہے کہ خُدا نور ہے اور اُس میں ذرا بھی تاریکی نہیں۔ اگر ہم کہیں کہ ہماری اُس کے ساتھ شراکت ہے اور پھر تاریکی میں چلیں تو ہم جھوٹے ہیں اور حق پر عمل نہیں کرتے۔ لیکن اگر ہم نور میں چلیں جس طرح وہ نور میں ہے تو ہماری آپس میں شراکت ہے اور اُس کے بیٹے یِسُوع کا خون ہمیں تمام گناہ سے پاک کرتا ہے۔"

رفاقت کا کلیہ ایک پاکیزہ زندگی ہے۔ اکثر اوقات ہم اپنے گناہوں کو محض غلطیاں سمجھتے ہیں جنہیں درست کرنے کی ضرورت ہے، لیکن حقیقت میں ہم گنہگار ہیں اور ہمیں معافی کی ضرورت ہے۔ ایڈرئین راجرز کا کہنا ہے، "آج کے معاشرے کا مسئلہ یہ ہے کہ ہم سب پر گناہ کا بوجھ ہے مگر احساسِ گناہ نہیں ہے۔" اگر ہم واقعی نجات پا چکے ہیں تو گناہ ہمیں مجرم نہیں ٹھہراتا، لیکن یہ خُدا کے ساتھ ہماری رفاقت میں خلل ڈال سکتا ہے۔ ہماری فرزندیت ہمیشہ کے لیے قائم ہے، لیکن ہماری رفاقت اس بات پر منحصر ہے کہ ہم اپنے باپ کی ہدایات پر عمل کرتے ہیں یا نہیں۔

اگر ہم خُدا کے ساتھ رفاقت میں رہنا چاہتے ہیں تو ہمیں پہلے اپنے گناہوں کو روشنی میں لانا ہوگا۔ اپنے گناہوں کو چھپانا بہت خطرناک ہے؛ اگر ہم جاننا چاہتے ہیں کہ ہمارے دل میں کوئی ایسا گناہ تو نہیں جس کا اقرار نہیں کیا گیا، تو ہمیں اپنی خامیوں پر روشنی ڈالنی ہوگی۔ ہمیں دلیری کے ساتھ روح القدس سے دعا کرنی چاہئے کہ وہ ہمیں ہمارے گناہوں کا احساس دلائے۔

دوم، ہمیں اپنے گناہوں کا اظہار خُداوند کے سامنے کرنا چاہئے۔ گناہ کا اقرار صرف مان لینا نہیں بلکہ خُدا کے ساتھ اتفاق کرنا ہے۔ اس کا مطلب ہے گناہ کو پہچاننا اور فوراً خُدا کے سامنے مان لینا۔ ۱-یوحنا ۱: ۹ کہتا ہے، "اگر ہم اپنے گناہوں کا اقرار کریں تو وہ ہمارے گناہوں کو معاف کرنے اور ہمیں ساری ناراستی سے پاک کرنے میں سچا اور عادل ہے۔"

کیونکہ یِسُوع مسیح ہمارے گناہوں کے لیے مرا، خُدا وفادار اور عادل ہے کہ ہمیں معاف کرے۔ اگر ہم اقرار کریں تو ہم مکمل طور پر پاک ہو سکتے ہیں اور خُدا کے ساتھ ہماری رفاقت بحال ہو جاتی ہے۔

اِس کا اطلاق اپنی زندگی پر کریں

کیا آپ کی زندگی میں کوئی ایسا گناہ ہے جس کا اقرار نہیں کیا گیا؟ اسے روشنی میں لائیں اور خُداوند کے سامنے پیش کریں۔