اگرچہ داؤد بادشاہ خُدا کے دِل کے موافق آدمی تھا مگر بڑا گُنہگار تھا۔ لیکن داؤد ایک عظیم تائب بھی تھا، اور زبُور ۵۱ ہمیں دکھاتا ہے کہ جب ہم گرے ہوں تو واپس کیسے اُٹھنا ہے۔
نجات پانے کا یہ مطلب نہیں کہ ہماری گُناہ کرنے کی صلاحیت ختم ہو گئی ہے یا اُس کی سنگینی کم ہو گئی ہے۔ نجات کی ابدی حفاظت ایسا اجازت نامہ نہیں ہے کہ ہم بغیر کسی تکلیف کے گُناہ کریں۔ درحقیقت ہم زیادہ دُکھ اُٹھائیں گے کیونکہ رُوح القدس ایمانداروں کو اُن کے گُناہوں پر ملامت کرتا رہتا ہے جب تک وہ اُن کا اقرار نہ کریں۔ احساسِ جُرم ایک ناسور ہے؛ یہ بڑھتا جاتا ہے اور یہ ہرگز ٹھیک نہیں ہوتا جب تک اسے صاف نہ کیا جائے۔
یہ حوالہ گُناہ کے بھاری نتائج کو ظاہر کرتا ہے۔ گُناہ رُوح کو مٹی میں ملا دیتا ہے، عقل کو بھر دیتا ہے اور ضمیر کو ڈس لیتا ہے۔ یہ دل کو رنجیدہ اور جسم کو بیمار کرتا ہے، رُوح کو کمزور کرتا ہے اور ہونٹوں کو سی دیتا ہے۔
ایڈرئین راجرز کا کہنا ہے، "زمین کا سب سے دُکھی انسان کھویا ہوا انسان نہیں ہے؛ بلکہ وہ ہے جو نجات پا کر بھی خُدا کے ساتھ رفاقت میں نہیں۔"
جب ہم خود کو گُناہ میں گِرا ہوا پاتے ہیں تو واپس کیسے آئیں؟
اوّل، ہمیں یقین رکھنا چاہئے کہ خُدا اب بھی ہم سے محبت کرتا ہے۔
"اَے خُدا! اپنی شفقت کے مطابق مجھ پر رحم کر۔ اپنی رحمت کی کثرت کے مطابق میری خطائیں مٹا دے" (زبُور ۵۱: ۱)۔ داؤد نے گُناہ کے باوجود خُدا کی محبت پر بھروسا رکھا۔ ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ ہم ایسا کچھ نہیں کر سکتے جس سے خُدا ہم سے محبت کرنا چھوڑ دے۔
دوم، ہمیں بغیر کسی عذر کے اپنے گُناہوں کا اقرار کرنا چاہئے۔
"اگر ہم اپنے گُناہوں کا اقرار کریں تو وہ ہمارے گُناہوں کو معاف کرنے اور ہمیں ساری ناراستی سے پاک کرنے میں سچا اور عادل ہے" (۱-یوحنا ۱: ۹)۔
آخر میں، خُدا پاک کرتا ہے اور معاف کرتا ہے۔
وہ سزا کو ختم کرتا ہے، گُناہ کو مٹا دیتا ہے اور اُسے بھلا دیتا ہے۔ وہ گُناہ کی آلودگی کو دُور کر کے ہمیں برف سے زیادہ سفید کرتا ہے۔ وہ گُناہ کی قوت کو بھی ختم کرتا ہے اور ہمیں اندر سے پاک کرتا ہے۔
اب ہمیں اپنی مذمت خود اُٹھانے کی ضرورت نہیں؛ ہم پاک ہو سکتے ہیں۔
اِس کا اطلاق اپنی زندگی پر کریں
کیا آج آپ کے دل پر کوئی ایسا گُناہ ہے جس کا اقرار نہیں کیا گیا؟ خُدا سے دعا کریں کہ وہ آپ کے دل کو جانچے اور آپ کا گُناہ آپ پر ظاہر کرے۔ اُس کا اقرار کریں اور خُدا کی بخشش سے پاک ہو جائیں۔