UR_1569 بگڑتے ازدواجی رشتہ کو بحال کرنا اِفسیوں ۵:۲۲-۲۳

Tuning Up Tired Marriages

UR_1569 بگڑتے ازدواجی رشتہ کو بحال کرنا اِفسیوں ۵:۲۲-۲۳

شادی کا مطلب عام جوڑا نہیں بلکہ ایک شادی شُدہ جوڑا ہونا چاہئے؛ ہم ایک ہی گانا گاتے ہیں لیکن کردار مختلف لیتے ہیں۔ شادی کی موسیقی میں مرد رہنمائی کرتا ہے اور عورت ہم آہنگی پیدا کرتی ہے؛ مگر وقت کے ساتھ ازدواجی رشتے بے سُر ہو سکتے ہیں۔

اِفسیوں ۵: ۲۲-۲۳ ظاہر کرتا ہے کہ خراب ہوتے ہُوئے ازدواجی رشتے کو کیسے بحال کیا جائے۔ "۔۔۔ کیونکہ شوہر بیوی کا سر ہے جیسے کہ مسیح کلیسیا کا سر ہے اور وہ خود بدن کا بچانے والا ہے" (اِفسیوں ۵: ۲۳)۔

گھر کے سربراہ ہوتے ہوئے شوہر بیوی کو وہی دے جو یِسُوع کلیسیا کو دیتا ہے؛ اُسے ذمہ داری اور محبت بھری قیادت سنبھالنی چاہئے۔ "اَے شوہرو! اپنی بیویوں سے محبت رکھو جیسے مسیح نے بھی کلیسیا سے محبت کر کے اپنے آپ کو اُس کے واسطے موت کے حوالہ کر دیا تاکہ اُس کو کلام کے ساتھ پانی سے غسل دے کر اور صاف کر کے مقدس بنائے" (اِفسیوں ۵: ۲۵-۲۶)۔

شوہروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ جذبے اور قربانی کے ساتھ محبت کریں؛ انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی بیویوں کو ترجیح دیں اور اُن سے اِس طرح محبت کریں جو اُنہیں بہتر مسیحی بنائے۔

شوہروں کو چاہئے کہ اپنی بیویوں کی جذباتی اور جسمانی حفاظت کریں۔ شوہر اپنی بیوی کو نان و نفقہ فراہم کرنے، اُس کی پرورش اور دیکھ بھال کرنے کا ذمہ دار ہے تاکہ بیوی خود کو محفوظ محسوس کرے۔

شوہر کو چاہئے کہ اپنی بیوی کے ساتھ وفادار رہے؛ اُس کا ازدواجی رشتہ اُس کی ترجیح ہونی چاہئے کیونکہ اُسے اُس کی پائیداری اور مقصد یاد ہے۔

ایڈرئین راجرز کا کہنا ہے، "آپ کی محبت آپ کے ازدواجی رشتے کو قائم نہیں رکھتی، بلکہ آپ کا ازدواجی رشتہ آپ کی محبت کو قائم رکھتا ہے۔"

یہ حوالہ بیوی کے اپنے شوہر کے ساتھ رشتے کی بھی نشاندہی کرتا ہے: "اَے بیویو! اپنے شوہروں کی ایسی تابع رہو جیسے خُداوند کی" (اِفسیوں ۵: ۲۲)۔ جب بیوی کو تابع ہونے کا کہا جاتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ نوکرانی ہے، بلکہ وہ شوہر کی قیادت کے تحت ایک باوقار شریک ہے۔ بیویاں شوہروں سے کمتر نہیں ہوتیں؛ اُن کا تابع ہونا اُس طرح ہے جیسے کلیسیا یِسُوع مسیح کے تابع ہے۔

ایک بیوی کو اپنے شوہر کا ساتھ دینا چاہئے، یہ جانتے ہوئے کہ وہ اُس کی حریف نہیں بلکہ اُس کو مکمل کرنے والی ہے۔ اُسے اُس کے ساتھ جذباتی، جسمانی اور مالی طور پر شریک ہونا چاہئے۔

جب ہم اُن کرداروں کو قبول کرتے ہیں جو خُدا نے ہمارے ازدواجی رشتوں میں ہمیں دیے ہیں، تو ہم حقیقی آزادی کا تجربہ کرتے ہیں اور زندگی کی ہم آہنگی واپس آ جاتی ہے۔

اِس کا اطلاق اپنی زِندگی پر کریں

کیا اب وقت آ گیا ہے کہ بگڑتے ہوئے ازدواجی رشتے کو بحال کیا جائے؟ شوہر اپنی بیوی سے محبت کرے، قیادت کرے اور وفادار رہے۔ بیوی اپنے شوہر کی تابع اور مددگار ہو، اور اپنی زندگی اُس کے ساتھ بانٹے۔ دُعا کریں کہ آپ اور آپ کا شریکِ حیات خُدا کی دی ہوئی ذمہ داریوں کو قبول کریں اور اُس کی تعظیم کریں۔