ہمیں احساس ہو یا نہ ہو، ہمارے ذہنوں میں ہر لمحہ ایک جنگ جاری ہوتی ہے: روشنی اور تاریکی، اچھائی اور بُرائی، یِسُوع مسیح اور شیطان کے درمیان روحانی جنگ۔ ہم لاعلم رہنے کے متحمل نہیں ہو سکتے، اور نہ ہی غیر جانبدار رہ سکتے ہیں۔
۲-کرنتھیوں ۱۰ ذہنوں کی جنگ جیتنے میں ہماری مدد کے لیے حوصلہ افزائی اور بصیرت فراہم کرتا ہے۔
اوّل، یہ حوالہ ہمیں اپنے دشمن کی جنگ سے خبردار کرتا ہے۔
شیاطین کی ایک مہلک صف ہماری فکری زندگی کو تباہ کرنے کے لیے وقف ہے۔ وہ تاریکی کے حاکم یعنی ابلیس کے ماتحت ہیں۔ وہ ہمارے ذہنوں پر قبضہ چاہتا ہے، کیونکہ خدا ذہن کے ذریعے ہم سے بات کرتا، ہمیں بدلتا اور ہمیں قابو میں رکھتا ہے۔ جب ہم نجات پاتے ہیں تو ہمیں مسیح کی عقل ملتی ہے اور ہم اپنے ذہن کو نئے انداز میں استعمال کرتے ہیں۔ ابلیس ہماری عقل کو بگاڑنا چاہتا ہے تاکہ ہم مسیح کے ساتھ رفاقت سے دور ہو جائیں۔
دوم، یہ حوالہ ہماری جسمانی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔
"کیونکہ ہم اگرچہ جسم میں زندگی گزارتے ہیں مگر جسم کے طور پر لڑتے نہیں"(۲-کرنتھیوں ۱۰: ۳)۔
روحانی جنگ جسمانی نہیں، مگر جسم ہماری کمزوری بن سکتا ہے۔ ہم اپنی قوت سے اس جنگ کو نہیں جیت سکتے۔
یہ حوالہ ہمیں ہماری لڑائی کے ہتھیار بھی یاد دلاتا ہے۔
"اس لیے کہ ہماری لڑائی کے ہتھیار جسمانی نہیں بلکہ خدا کے نزدیک قلعوں کو ڈھا دینے کے قابل ہیں۔ چنانچہ ہم تصورات اور ہر ایک اونچی چیز کو جو خدا کی پہچان کے برخلاف سر اٹھائے ہوئے ہے ڈھا دیتے ہیں اور ہر ایک خیال کو قید کر کے مسیح کا فرمانبردار بنا دیتے ہیں" (۲-کرنتھیوں ۱۰: ۴-۵)۔
ہمارے ہتھیاروں میں سے ایک خدا کی حاکمیت ہے، جو اس جنگ میں ہمارا سپہ سالار ہے۔
ہمارے پاس اپنی ذمہ داری کا اختیار بھی ہے، جیسا کہ ۲-کرنتھیوں ۱۰: ۸ میں بیان ہے: "کیونکہ اگر میں اس اختیار پر کچھ زیادہ فخر بھی کروں جو خداوند نے تمہارے بنانے کے لیے دیا ہے نہ کہ بگاڑنے کے لیے تو میں شرمندہ نہ ہوں گا۔"
آخر میں، یاد رکھیں، ہمارے پاس یقینی ہمت ہے۔
یِسُوع مسیح پہلے ہی جنگ جیت چکا ہے۔ ہم ہر روز پوری مستعدی کے ساتھ اپنے ذہنوں کی حفاظت کر کے فتح پاتے ہیں (دیکھیں امثال ۴: ۲۳)۔
اِس کا اطلاق اپنی زندگی پر کریں
ایڈرئین راجرز کا کہنا ہے، "اپنے ذہن کو یِسُوع پر مرکوز کریں۔ ابلیس کو موقع نہ دیں کہ وہ خداوند یِسُوع مسیح کے لیے آپ کی خالص عقیدت چھین لے۔ اُس سے محبت میں قائم رہیں، تو اُن ناپاک، شریر، ہوس پرست اور مغرور خیالات کے لیے کوئی جگہ نہیں رہے گی جو ہم پر حملہ کرتے ہیں۔"