UR_2222 مَیں یِسُوع کو کیا کروں گا؟ — متّی ۲۷: ۲۲

What Shall I Do With Jesus?

UR_2222 مَیں یِسُوع کو کیا کروں گا؟ — متّی ۲۷: ۲۲

مَتّی ۲۷ باب میں یِسُوع مقدمہ کی سماعت کے لیے پیلاطس کے سامنے کھڑا تھا اور آیت ۲۲ میں پیلاطس نے انتہائی ذاتی اور اہم سوال کیا: "یِسُوع کو جو مسیح کہلاتا ہے کیا کروں؟"

یِسُوع کے بارے میں ہمارا فیصلہ ٹالنے کے قابل نہیں؛ ہر شخص کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا؛ ہم جو فیصلہ کرتے ہیں یا جو فیصلہ نہیں کرتے—ہماری ابدیت کا تعین کرتا ہے۔

ہمیں پیلاطس کے فیصلے پر غور کرنا چاہیے: جب لوگ یِسُوع کی موت کا شور ڈال رہے تھے، پیلاطس کی عقل اور ضمیر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ اُس نے شواہد کی جانچ پڑتال کی اور گواہیاں سنیں جن میں اُس کی بیوی بھی شامل تھی (آیت ۱۹)، اور خود یِسُوع کو سنا جس نے اقرار کیا کہ وہ بادشاہوں کا بادشاہ ہے (یوحنا ۱۸:۳۷)۔

اگرچہ پیلاطس کا سامنا کرنے والی آوازوں نے واضح طور پر ظاہر کیا کہ صحیح کام کرنا ہے، لیکن اُس کی بگڑی ہوئی اقدار نے اُس پر دباؤ ڈالا کہ وہ دوسری صورت میں فیصلہ کرے۔ پیلاطس پر عوام کی رائے کا دباؤ تھا؛ لوگ شیطانی طور پر یِسُوع کا لہو مانگ رہے تھے۔ اُس کا بڑا غرور، اُس کا بلند مقام اور اُس کا بے شمار مال و دولت اُس کے سامنے کھڑے بے گناہ آدمی سے زیادہ قیمتی تھے۔

پہلے تو پیلاطس نے اس معاملہ کو نظر انداز کیا، پھر فیصلہ ہیرودیس بادشاہ پر ڈال دیا۔ جب ہیرودیس نے انکار کیا اور یِسُوع کو واپس پیلاطس کے پاس بھیج دیا تو اُس نے اعتراف کیا کہ یِسُوع بے گناہ ہے، مگر پھر بھی فیصلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

تاہم، جیسے ایڈرئین راجرز خبردار کرتا ہے، "آپ یِسُوع کے معاملہ میں غیر جانبدار نہیں ہو سکتے۔" مَتّی ۲۷:۲۴ کہتا ہے، "جب پیلاطس نے دیکھا کہ کچھ بن نہیں پڑتا بلکہ الٹا بلوا ہوتا جاتا ہے تو پانی لے کر لوگوں کے روبرو اپنے ہاتھ دھوئے اور کہا مَیں اس راستباز کے خون سے بری ہوں۔ تم جانو۔"

پیلاطس نے جب دلیل کو باطل کیا اور اقدار کو مسترد کیا تو اس طرح یِسُوع کے مقدمہ کو انصاف کا مذاق بنا ڈالا۔ پیلاطس کے "غیر جانبدار" فیصلے نے یِسُوع کو سزائے موت دی اور خود کو بھی مجرم ٹھہرایا۔ ہمارے پاس ایک مختلف فیصلہ کرنے کا موقع ہے۔ کلامِ مقدس کے ثبوتوں، پرانے اور نئے عہدنامہ کے مقدسوں کی گواہیوں کا جائزہ لیتے ہوئے ہمیں علم ہوتا ہے کہ یِسُوع بالکل وہی تھا جو اُس نے کہا کہ وہ ہے۔ اور شاید اُن سب میں اہم ترین گواہ خدا باپ ہے۔

۱-یوحنا ۵:۹ کہتا ہے، "جب ہم آدمیوں کی گواہی قبول کر لیتے ہیں تو خدا کی گواہی تو اُس سے بڑھ کر ہے اور خدا کی گواہی یہ ہے کہ اُس نے اپنے بیٹے کے حق میں گواہی دی ہے۔" ہم جان گئے کہ یِسُوع خداوند ہے کیونکہ یِسُوع کے مصلوب ہونے کے بعد خدا نے عدالت کے فیصلے کو پلٹ کر یِسُوع کو مردوں میں سے جِلایا۔

اِس کا اپنی زندگی پر اطلاق کریں

آپ یِسُوع کے معاملہ میں غیر جانبدار نہیں ہو سکتے؛ آپ اُس سے اجتناب نہیں کر سکتے، اُس سے بچ نہیں سکتے یا اُس سے نظر نہیں چرا سکتے: تو پھر آپ اُس کے ساتھ کیا کریں گے؟