UR_2103 اِیماندار کی نشانیاں ۱-یوحنا ۲:۳-۱۱

Birthmarks of a Believer

UR_2103 اِیماندار کی نشانیاں ۱-یوحنا ۲:۳-۱۱

جب ہم نے نجات پائی تو خُدا نے ہم پر کچھ اَن مِٹ نشانات لگا دیے۔ ۱-یوحنا ۲:۳-۱۱ نئے سرے سے پیدا ہونے والوں کی تین خصلتیں ظاہر کرتا ہے۔

اوّل، ایک سچا ایماندار یِسُوع مسیح کی حاکمیت کے تابع ہوتا ہے۔

"اگر ہم اُس کے حکموں پر عمل کریں گے تو اِس سے ہمیں معلوم ہوگا کہ ہم اُسے جان گئے ہیں۔ جو کوئی یہ کہتا ہے کہ مَیں اُسے جان گیا ہوں اور اُس کے حکموں پر عمل نہیں کرتا وہ جھوٹا ہے اور اُس میں سچائی نہیں" (۱-یوحنا ۲:۳-۴)۔ یِسُوع مسیح کو خُداوند قبول کیے بغیر کوئی بھی نجات نہیں پا سکتا۔ اگر ہم کہتے ہیں وہ خُداوند ہے تو ہمیں اُس کے حکموں پر عمل کرنا چاہیے۔ خُداوند کے احکام ایسے ہیں کہ اُن کی حفاظت کی جائے، اُن کو سنبھال کر رکھا جائے۔ ہم نجات پانے کے لیے یہ نہیں کرتے؛ ہم اِس لیے ایسا کرتے ہیں کہ ہم نے نجات پائی ہے اور ہم خُداوند سے محبت رکھتے ہیں۔

دوم، ایک سچا ایماندار یِسُوع کے طرزِ زندگی کا طالب ہوتا ہے۔

"ہاں جو کوئی اُس کے کلام پر عمل کرے اُس میں یقیناً خُدا کی محبت کامل ہو گئی ہے۔ ہمیں اِسی سے معلوم ہوتا ہے کہ ہم اُس میں ہیں۔ جو کوئی یہ کہتا ہے کہ مَیں اُس میں قائم ہوں تو چاہیے کہ یہ بھی اُسی طرح چلے جیسے وہ چلتا تھا" (۱-یوحنا ۲:۵-۶)۔ نجات پانے کا مطلب یِسُوع کا ہم شکل بننا ہے؛ جب ہم اُس کی مثال کی پیروی کرتے ہیں تو ہم اُس جیسے بن جاتے ہیں۔ اُس نے ایمانداری، پاکیزگی اور راستبازی کی زندگی گزاری۔ نہ صرف اُس نے غلط کام کرنے سے پرہیز کیا بلکہ وہ نیک کام کرنے میں لگا رہا۔

اگر ہم یِسُوع کی مانند زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اُس پر مکمل بھروسا بھی کرنا چاہیے، اُس میں اُسی طرح قائم رہنا چاہیے جس طرح انگور کی ڈالی بیل میں قائم رہتی ہے۔ ایڈرئین راجرز کا کہنا ہے، "صرف ایک ہی شخص ہے جس نے مکمل مسیحی زندگی گزاری اور اُس کا نام یِسُوع ہے۔ ہم اُس طرح چلتے ہیں جیسے وہ چلتا تھا کیونکہ ہم اُس میں قائم ہیں۔"

آخر میں، سچا ایماندار یِسُوع کی محبت ظاہر کرتا ہے۔

"جو کوئی اپنے بھائی سے محبت رکھتا ہے وہ نور میں رہتا ہے اور اُس میں ٹھوکر کھانے کا سبب نہیں" (۱-یوحنا ۲:۱۰)۔ پہلا اور سب سے بڑا حکم محبت ہے؛ یِسُوع ہم سے اِس لیے محبت نہیں رکھتا کہ ہم بہت پیارے ہیں… وہ بس ہم سے محبت رکھتا ہے۔ ایمانداروں کی پیدائشی نشانیوں میں سے ایک یہ ہے کہ وہ دوسروں سے ایسے محبت رکھتے ہیں جیسے یِسُوع نے اُن سے محبت رکھی۔

اِس کا اپنی زندگی پر اطلاق کریں

کیا آپ پر ایماندار کی پیدائش کی نشانیاں ہیں؟

ایڈرئین راجرز کا کہنا ہے، "اگر کوئی شخص نجات پاتا ہے تو یہ اُس کی زندگی میں ظاہر ہونے والا ہے۔ آپ نے حکموں پر عمل کرنے سے نجات نہیں پائی، نہ اِس طرح چلنے سے جیسے یِسُوع چلتا تھا، نہ اپنے بھائی سے محبت رکھنے سے۔ بلکہ اگر آپ نجات یافتہ ہیں تو آپ یہ کام کریں گے۔"