Why did Judas betray Jesus?

یہوداہ نے یِسُوع کے ساتھ غداری کیوں کی؟

اوّل، ہمیں زکریاہ ۱۱: ۱۲-۱۳ میں ایک پیشین گوئی ملتی ہے جو یہوداہ کی غداری سے پانچ سو سال قبل لکھی گئی تھی۔ اس حوالے میں کئی چیزیں ہیں جو یہوداہ کی غداری کی طرف اشارہ کرتی ہیں، جس میں یہ بحث شامل ہے کہ غداری کی قیمت کتنی تھی، اور فیصلہ کن مقدار، چاندی کے تیس سکے (دیکھیں متی ۲۶: ۱۵)۔ ہم یہ بھی دیکھتے ہیں کہ یہوداہ پیسے ہیکل میں پھینک گیا تھا (دیکھیں متی ۲۷: ۵)۔ اور ہمیں یہ بھی پتا چلتا ہے کہ وہ پیسہ کمہار کے لیے استعمال کیا گیا۔ متی ۲۷: ۶-۷ میں ہم دیکھتے ہیں کہ سردار کاہنوں نے اُس سے کمہار کا کھیت خریدا تھا۔

دوسری چیز جو ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے وہ فلسفہ ہے۔ اُس زمانہ کے فریسی تعلیم دیتے تھے کہ مسیح ایک فاتح بادشاہ کے طور پر آئے گا اور اُنہیں رومی جبر و تسلط سے نجات دلائے گا۔ تاہم کلام مقدس واضح فرماتا ہے کہ مسیح کی تحقیر کی جائے گی اور اُسے رد کیا جائے گا (یسعیاہ ۵۳: ۳) اور وہ صلیب پر اپنی جان دے گا، جو کہ زبور ۲۲ میں بالکل واضح ہے۔ یِسُوع لوگوں کو ظلم و جبر سے نہیں بلکہ گناہ سے نجات دینے آیا تھا۔ اُس غداری کا ایک اور جدید نظریہ یہ ہے کہ خدا نے یہوداہ کو چُنا تھا کہ وہ یِسُوع کو دھوکہ دے، گویا اُس کے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔ خدا کبھی لوگوں کو گناہ کے لیے نہیں چُنتا۔ خدا ابدی ہے اور وقت کی حدود سے بالاتر ہے۔ اُس کی نظر میں سارا وقت ایک ساتھ ہے۔ لہٰذا خدا اپنی حاکمیت میں لوگوں کو اُن انتخابوں کے مطابق استعمال کرتا ہے جو وہ پہلے ہی کرتے دیکھ چکا ہے، لیکن وہ اُنہیں گناہ پر مجبور نہیں کرتا۔ یہ اُس کے تقدس کے خلاف ہوگا۔ یِسُوع ہر کسی کو نجات دینا چاہتا ہے، اور اسی خواہش میں اُس نے یہوداہ کو جب "دوست" کہا تو اُسے ایک آخری موقع دیا کہ وہ مختلف انتخاب کرے (دیکھیں متی ۲۶: ۵۰ اور ۲-پطرس ۳: ۹)۔

تیسری چیز جو ہم دیکھتے ہیں وہ ریاکاری ہے۔ یہوداہ کئی سال شاگرد بن کر یِسُوع کے ساتھ رہا لیکن اُس کا دل اُس کے ساتھ کبھی نہیں تھا۔ یہوداہ کو دھوکہ باز اور چور کہا جاتا ہے، اور ہمیں بتایا جاتا ہے کہ شیطان اُس کے اندر داخل ہوا جب اُس نے یِسُوع کو دھوکہ دینے کا انتخاب کیا۔ شیطان اُس دل میں نہیں رہ سکتا جہاں یِسُوع رہتا ہو۔ نور اور تاریکی ایک ساتھ نہیں رہ سکتے (دیکھیں یوحنا ۱۲: ۴-۶، ۱۳: ۲۶-۳۰ اور ۱-یوحنا ۱: ۵)۔