یہ سچ ہے کہ خُدا محبت ہے، لیکن وہ صرف محبت نہیں۔ وہ پاک، راست باز اور عادل بھی ہے۔ وہ اپنی موجودگی میں گُناہ کی اجازت نہیں دے سکتا اور وہ گُناہ کی سزا ضرور دیتا ہے۔ ہر کِسی نے خُدا کے خلاف گُناہ کِیا ہے اور گُناہ ہمیں خُدا سے جُدا کرتا ہے۔ کوئی بھی شخص اِتنے نیک کام نہیں کر سکتا جو اُسے فردوس میں پہنچا سکیں۔
خُوشخبری یہ ہے کہ خُدا نے ہمارے گُناہوں کا علاج مہیا کر دِیا ہے۔ وہ علاج اُس کا بیٹا یِسُوع مسیح ہے، جو گُنہگاروں کو نجات دینے کے لئے زمین پر آیا تھا۔ اُس نے بے گُناہ زِندگی بسر کی، گُنہگاروں کے بدلے صلیب پر مرا اور پھر جی اُٹھا۔ اِس طرح اُس نے نجات کا کام مکمل کِیا۔
اب، کوئی بھی شخص یِسُوع پر اِیمان لا کر اور اُسے اپنا شخصی نجات دہندہ اور خُداوند قبول کر کے نجات کی یہ نعمت مُفت حاصل کر سکتا ہے۔ خُدا چاہتا ہے کہ ہر کوئی نجات پائے: "کیونکہ جو کوئی خُداوند کا نام لے گا نجات پائے گا۔" (رُومیوں ۱:۱۳)۔ "اور جو کوئی چاہے آبِ حیات مُفت لے" (مُکاشفہ ۲۲:۱۷)۔
نجات اِیمان کے وسیلہ فضل سے مِلتی ہے۔ کوئی بھی شخص اِتنا راست باز نہیں کہ اُسے نجات کی ضرورت نہ ہو اور نہ ہی کوئی اِتنا بُرا ہے کہ اُس کو نجات نہ مِل سکے۔ خُداوند یِسُوع پر بھروسا کریں، اپنے نیک اعمال پر نہیں جو آپ کو راست باز نہیں بنا سکتے۔ صرف یسُوع ہی اپنے پاک صاف کرنے والے خُون کے ساتھ یہ کر سکتا ہے۔
جو کوئی نجات پاتا ہے فردوس میں جائے گا اور ہمیشہ تک یِسُوع کے ساتھ رہے گا۔