خُدا کے ساتھ رِشتہ کا آغاز کرنا آسان ہے! آپ کو اِس کے لئے کوئی کام نہیں کرنا پڑتا۔ دراصل، کیونکہ اُس نے رِشتہ داری کی ساری قیمت ادا کر دی ہے، اِس لئے آپ اُسے کما نہیں سکتے۔
وہ آپ کو اپنی طرف کھینچنے کا اشارہ کرتا ہے
دیکھئے کہ خُدا کے ساتھ رِشتہ کیسے چلتا ہے۔ اوّل، وہ آپ کو کھینچتا ہے۔ یُوحنّا ۴۴:۶ میں یِسُوع کہتا ہے، "کوئی میرے پاس نہیں آ سکتا جب تک باپ جِس نے مُجھے بھیجا ہے اُسے کھینچ نہ لے اور مَیں اُسے آخری دِن پھر زِندہ کروں گا۔" خُداوند کو اپنانے کی ہر خواہش خُود خُدا سے آتی ہے۔ آپ اپنے موروثی گُناہ کی وجہ سے اپنے طور پر کبھی بھی اُس کے طالب نہیں ہوں گے۔ "کوئی سمجھ دار نہیں۔ کوئی خُدا کا طالب نہیں۔" (رُومِیوں ۱۱:۳)۔ کنویں پر پانی بھرتی عورت پر غور کریں جس کا ذکر یوحنا ۴ باب میں ہے۔ وہ بھی ہر شخص کی مانند گُنہگار تھی۔ وہ خُدا کو تلاش نہیں کر رہی تھی۔ وہ تو پانی بھرنے آئی تھی۔ کیونکہ خُدا اُس تک اور اُس کے شہر تک پہنچنے کا خواہاں تھا، اِس لئے اُس نے اپنے بیٹے کو مناسب وقت پر کنویں پر بھیجا تاکہ اُس عورت کے ساتھ گفتگو ہو اور اُس کو اپنی طرف کھینچ سکے۔
آپ کا جواب ہے، گُناہ سے کنارہ کشی اور اُس کی طرف رجوع
جب آپ مان لیتے ہیں کہ آپ گُنہگار ہیں اور آپ کو نجات دہندہ کی ضرورت ہے تو آپ سادگی سے نجات کی مفت نعمت کو قبول کر لیں جو خُدا پیش کرتا ہے، جس کی قیمت یِسُوع نے صلیب پر ادا کی ہے۔ اِفِسیوں ۸:۲-۹ میں لکھا ہے، "کیونکہ تُم کو اِیمان کے وسیلہ سے فضل ہی سے نجات ملی ہے اور یہ تُمہاری طرف سے نہیں۔ خُدا کی بخشش ہے۔ اور نہ اعمال کے سبب سے ہے تاکہ کوئی فخر نہ کرے۔" جب ہم خُدا کے سامنے اِقرار کرتے ہیں کہ ہم گُنہگار ہیں، سمجھ جاتے ہیں کہ ہم خُود اپنے آپ کو نہیں بچا سکتے، اور تسلیم کرتے ہیں کہ یِسُوع ہمارے گُناہوں کا کفارہ ادا کرنے کے لئے مُؤا اور تیسرے روز مُردوں میں سے جی اُٹھا تو ہم اُس کی نجات حاصل کر لیتے ہیں۔ "چنانچہ مَیں نے سب سے پہلے تُم کو وہی بات پہنچا دی جو مجھے پہنچی تھی کہ مسیح کتابِ مقدّس کے مطابق ہمارے گُناہوں کے لئے مُؤا۔ اور دفن ہُوا اور تیسرے دن کتابِ مقدّس کے مطابق جی اُٹھا۔" (۱-کُرِنتھِیوں ۳:۱۵-۴)۔ "اگر تُو اپنی زبان سے یِسُوع کے خُداوند ہونے کا اِقرار کرے اور اپنے دل سے ایمان لائے کہ خُدا نے اُسے مُردوں میں سے جِلایا تو نجات پائے گا۔" (رُومِیوں ۹:۱۰)۔
آپ خُدا کے ساتھ کیسے رِشتہ رکھ سکتے ہیں؟ صرف ایمان کے ساتھ دُعا کریں اور اُس سے کہیں میرے گُناہ معاف کر دے اور مجھے نجات دے، اور وہ کر دے گا۔ پھر اپنی نجات کے لئے اُس کا شکر ادا کریں۔